عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر جاری احتجاج کے دوران رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے کہا کہ طلباء کا ایک وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے اپنے مطالبات پیش کرے گا۔
احتجاجی مقام پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے روح اللہ نے کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اندر سے پیغام ملا ہے کہ طلباء کا ایک وفد بھیجا جائے جو وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرے۔
انہوں نے بتایا کہ وفد میں پانچ طلباء کو منتخب کیا گیا ہے، جن میں وسطی، جنوبی اور شمالی کشمیر کے ایک ایک طالب علم، جموں کا ایک طالب علم اور ایک خاتون طالب علم شامل ہیں۔
روح اللہ نے کہا کہ یہ وفد اپنے مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کرے گا اور اس مسئلے پر بات کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا، “ہم یہاں سے اس وقت تک نہیں ہٹیں گے جب تک طلباء وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد باہر نہ آئیں”۔
دریں اثناء پی ڈی پی کے رکن اسمبلی وحید الرحمان پارہ نے کہا کہ وہ اس پالیسی کی وقت مقررہ کے اندر منسوخی چاہتے ہیں اور میرٹ ہولڈرز کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔