عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر انتظامیہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت کیلئے پانچ خصوصی عدالتیں بنانے کی منظوری دی ہے۔
سرکاری ترجمان نے کہا کہ خصوصی عدالتیں جموں اور سرینگر دارالحکومتوں اور وادی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ اور بارہمولہ اضلاع میں قائم کی جائیں گی، جن کا حکومت کے لیے سالانہ 4.65 کروڑ روپے بجٹ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں یہاں میٹنگ ہوئی انتظامی کونسل نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت جرائم کی سماعت کیلئے عہدے، معاون عملہ اور انفراسٹرکچر کے ساتھ پانچ خصوصی عدالتوں کے قیام کو منظوری دی۔
ترجمان نے کہا کہ خصوصی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے ججوں کی ایک کمیٹی کی ایک قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ کم از کم ان اضلاع میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں جہاں این ڈی پی ایس کے مقدمات 500 سے زیادہ زیر التوا ہیں جنہیں چیف جسٹس نے بھی منظوری دے دی ہے۔