مینڈھر// ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں فوجی گاڑی گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں پانچ فوجی اہلکار جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ مینڈھر کے سرحدی علاقے بلنوئی میں پیش آیا، جہاں فوجی گاڑی کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے نزدیکی فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
مقامی ذرائع نے ابتدائی طور پر پانچ اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
اس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے کہا، “یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اس عظیم نقصان پر اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں”۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا، “وائٹ نائٹ کور کے تمام اہلکار پونچھ سیکٹر میں پیش آنے والے المناک حادثے میں پانچ بہادر فوجیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمی اہلکاروں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں”۔
یہ حادثہ علاقے میں فوجی آپریشن کے دوران پیش آیا۔ حادثے کی مکمل تفصیلات کا انتظار ہے۔
مینڈھر سڑک حادثے میں 5 فوجی اہلکار ہلاک، کئی دیگر زخمی
