محمد تسکین
بانہال/بانہال کے دورافتادہ علاقے منگت میں اتوار کے روز ایک ٹیمپو ٹریولر کے حادثے میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے باوا منگت رابطہ سڑک پر پیش آیا۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی منتقل کیا گیا، تاہم بعد میں بہتر علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال بھیج دیا گیا۔
کھڑی اور آڑپنچلا علاقے کے مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ حادثے کے وقت پی ایچ سی کھڑی میں صرف ایک بی یو ایم ایس ڈاکٹر موجود تھا، جبکہ وہاں تعینات تینوں ایم بی بی ایس ڈاکٹر غیر حاضر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی عملے کی عدم موجودگی کے باعث تمام زخمیوں کو ایس ڈی ایچ بانہال منتقل کرنا پڑا۔ایس ڈی ایچ بانہال کے اسپتال حکام نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں میں سے دو کم عمر بچے تشویشناک حالت میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔پولیس پوسٹ کھڑی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔