عظمیٰ ویب ڈیسک
قاضی گنڈ/سخت سیکیورٹی انتظامات کے درمیان، امرناتھ یاترا کے پہلے قافلے نے قاضی گنڈ میں قدم رکھا، جہاں نووگ ٹنل پر ان کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ایک سرکاری عہدیدارنےبتایا کہ بالتل روٹ کا قافلہ صبح 5:20 بجے روانہ ہواجبکہ پہلگام روٹ کا قافلہ 6:04 بجے روانہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یاتریوں کی اس پہلے قافلے میں کل 5,485 افراد شامل ہیں، جن میں سے 2,347 یاتری بالتل کے راستےاور 3,138 یاتری پہلگام کے راستے جا رہے ہیں۔
عہدیدارنے مزید بتایا کہ ان میں4,395 مرد، 1,043 خواتین، 31 بچے اور 16 سادھو شامل ہیں۔یاتریوں کو لے جانے والے قافلے میں کل 299 گاڑیاں شامل ہیں، جن میں162 گاڑیاںبالتل روٹ اور 137 گاڑیاں پہلگام روٹ پر چل رہی ہیں۔ گاڑیوں کی تفصیل میں 113 بسیں (بالتل کے لیے 48، پہلگام کے لیے 65)،42 درمیانے سائز کی موٹر گاڑیاں (MMVs)اور 144 چھوٹی گاڑیاں (LMVs)شامل ہیں۔
ادھر، نووگ ٹنل پر مقامی لوگوں نے یاتریوں کا روایتی انداز میں استقبال کیا۔مقامی سماجی کارکن محمد اقبال نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام یاتریوں کا دل سے استقبال کرتے ہیں کیونکہ کشمیر اپنی مہمان نوازی کے لیے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ہر یاتری کی حفاظت یاترا کے اختتام تک کریں گے۔
بی جے پی لیڈررویندر رینانے کہا کہ یاترا کی کامیابی میں مقامی لوگ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، میں نے خود نوجوانوں کو یاتریوں کا استقبال کرتے دیکھا، یہی کشمیر کی اصل روح ہے۔
5,485 یاتریوں پر مشتمل پہلا قافلہ قاضی گنڈ پہنچ گیا
