عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پہلے اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں 18 اور 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ، شوپیان، کولگام ،اننت ناگ،ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں انتخابات ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں گاندربل، سرینگر ،بڈگام، ریاسی، راجوری، پونچھ میں ووٹنگ ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، تیسرے مرحلے میں کپوارہ، بارہمولہ ،جموں، کٹھوعہ، سانبہ، ادھم پور میں اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ ہو گی۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے یہاں جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں جموں و کشمیر کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔
کمار نے کہا کہ 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 نشستوں کے لیے نوٹیفکیشن 20 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 27 اگست تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی 26 نشستوں کے لیے 25 ستمبر کو انتخابات ہوں گے جس کے لیے 29 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں 5 ستمبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکتے ہیں، 6 ستمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 9 ستمبر ہوگی۔
تیسرے اور آخری مرحلے میں 40 سیٹوں پر یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ اس کا نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور نامزدگی 12 ستمبر تک کی جا سکے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 17 ستمبر ہوگی۔
راجیو کمار نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 4اکتوبر کو ہوگی اور انتخابی عمل 6 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام امیدواروں کو یکساں سیکورٹی دی جائے گی، جموں و کشمیر میں 87 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے لیے 11838 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی انفورسمنٹ ایجنسیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں انتخابات کو شراب، منشیات اور دیگر لالچوں سے پاک رکھنے کے لیے پوری طرح چوکس رہیں۔
الیکشن کمشنر راجیو کمار کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے سیکورٹی صورتحال بہت بہتر ہے۔ حد بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ انتخابی فہرستوں پر حتمی کام جاری ہے جو 20 اگست کو جاری کر دی جائیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ووٹروں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ زمینی سطح پر جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوئیں۔
الیکشن کمشنر نے کہا کہ لوگ جمہوری عمل سے جڑنا چاہتے ہیں، جس کی تازہ مثال حالیہ لوک سبھا انتخابات ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر دورے کے دوران مقامی سیاسی جماعتوں کی طرف سے اٹھائے گئے تمام مسائل اور معاملات کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔ تمام امیدواروں کو یکساں میدان فراہم کیا جائے گا۔