سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں اتوار کی سہ پہر کو آگ کی ایک بھیانک واردات کے دوران شاپنگ کمپلیکس اور مسجد شریف کو نقصان پہنچا۔
اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بہوری کدل میں اتوار کی سہ پہر کو شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پاس ہی موجود مسجد شریف کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
شہر سری نگر کے تمام اسٹیشنوں میں تعینات فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار اور 15گاڑیاں آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بہوری کدل میں شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی اور بعد ازاں مسجد شریف سے بھی آگ کے شعلے بلند ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ گنجان آبادی کے باعث آگ نے کئی عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ان کے مطابق 15فائر ٹینڈر وں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک بہوری کدل میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
پائین شہر میں بھیانک آتشزدگی، شاپنگ کمپلیکس اور مسجد شریف کو نقصان
