عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے پنزوہ ویلگام علاقے میں دوران شب آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں دومنزلہ 4 رہائشی مکان، 4 گئو خانے اور 5 شیڈ خاکستر ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے پنزوہ ویلگام میں پیر اور منگل کی درمیانی شب آگ بھڑک اٹھی جس کے شعلوں نے متصل واقع تعمیراتی ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس کے شعلے دور دراز علاقوں سے بھی دیکھے جا رہے تھے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے آتشزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے سے متعلق اطلاع موصول ہوتے ہی 6 فائر اسٹیشنوں سے فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جو آگ بجھانے کی کوششوں میں جٹ گئے۔
انہوں نے کہا کہ سخت محنت کے بعد آگ کو قابو میں کر لیا گیا تاہم اس واقعے میں 4 دو منزلہ رہائشی مکان، 4 گئو خانے اور 5 شیڈ خاکستر ہوگئے۔
ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے حکومت سے متاثرین کو فوری امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔
کپوارہ کے ویلگام میں شدید آتشزدگی، 4 مکان، 4 گئو خانے اور 5 شیڈ خاکستر
