سرینگر// جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں آگ کی دو الگ وارداتوں میں فرنیچر فیکٹری سمیت دو عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔اطلاعات کے مطابق سری نگر کے باغ علی مردان خان نوشہرہ میں درمیانی شب انڈسٹریل ایریا میں قائم فرنیچر فیکٹری سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ دس فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں فیکٹری پوری طرح سے خاکستر ہوئی ہے۔دریں اثنا فروٹ منڈی سری نگر میں شبانہ آگ کی ایک واردات میں کمرشل عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔