یو این آئی
سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں مسجد شریف، شاپنگ کمپلیکس اور پانچ سے دس رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ 24فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں کروڑوں روپیہ مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔
اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بہوری کدل سری نگر میں پیر کی سہ پہر آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مسجد شریف ، شاپنگ کمپلیکس اور متعدد رہائشی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے جوائنٹ ڈائریکٹر راج کمار رینا کی سربراہی میں شہر سری نگر کا پورا عملہ 24فائر ٹینڈروں سمیت جائے موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں کو آگ بجھانے کے دوران کافی دقتوں کا سامنا کرناپڑ کیونکہ علاقہ کافی گنجان ہے اور شدید آتشزدگی کی وجہ سے بیک وقت کئی ڈھانچوں سے آگ کے شعلے بلند ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی مسجد شریف کی اوپری منزل سے آگ نمودار ہوئی تو متعدد گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے اور آگ نے اپنے متصل شاپنگ کمپلیکس اور رہائشی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی اس واردات میں مسجد شریف ، شاپنگ کمپلیکس اور پانچ سے دس رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بہوری کدل میں بھیانک آتشزدگی کی وجہ سے مسجد شریف اور شاپنگ کمپلیکس سمیت دس ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار ابھی بھی آگ بجھانے کی کارروائی مصروف ہے۔
ان کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کی اس واردات میں دس رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم جوں ہی عملہ واپس ہیڈ کواٹر پہنچے گا تو اس حوالے سے پوری جانکاری فراہم کی جائے گی۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک 24فائر ٹینڈر آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف تھے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 26نومبر 2023کو بھی تواریخی بازار مسجد میں آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ سے مسجد شریف کی اوپری منزل کو نقصان پہنچا تھا ۔