عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساوجیاں سیکٹر میں حدِ متارکہ کے قریب شدید آتشزدگی کی اطلاع ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بدھ کی صبح کوپرا پوسٹ کے اُس پار آگ بھڑک اٹھی، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔
انتظامی ذرائع کے مطابق، بدھ کی علی الصبح حدِ متارکہ پر کوپرا پوسٹ کے قریب شدید آگ دیکھی گئی۔
پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ انہیں صبح آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کا معائنہ کیا۔
پولیس کے مطابق، آگ حدِ متارکہ پر ایسی جگہ پر لگی جہاں کوئی آبادی موجود نہیں، اور اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ تاہم، شام کے وقت آگ خودبخود بجھ گئی تھی۔
انتظامیہ معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔