عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ سری نگر کے نارورہ علاقے میں گذشتہ شب آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں 5 رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے نارورہ علاقے میں منگل کی شب قریب 10 بجے ایک مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ کے متعلق اطلاع موصول ہوتے ہی مختلف فائر اسٹیشنوں سے 13 فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گنجان آبادی والا علاقہ ہونے کی وجہ سے فائر ٹنڈرس کو آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا ہے کہ آگ کے اس واقعے میں 5 رہاشئی مکان خاکستر ہوگئے۔
آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سری نگر نے جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام فائر سروس انچارجز کو ہدایت دی ہے کہ وہ آگ سے حفاظت اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری مہم چلائیں۔
ایڈوائزری میں عوام کے لیے کچھ نکات کا ذکر کیا گیا ہے جن میں اپنے ارد گرد آتش گیر مادوں جیسے گردو غبار، پتوں اور لاٹھیوں کو ہٹانا، بجلی کے ساکٹ کو اوور لوڈ کرنے سے گریز کرنا اور گھر میں نہ ہونے پر بجلی بند کرنا شامل ہے’۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ‘لوگوں سے یہ گزارش کی جاتی ہے کہ وہ برقی تاروں کو فرنیچر اور آتش گیر اشیاء سے دور رکھیں، بچوں کو ماچس اور لائٹر دینے سے اجتناب کریں اور مناسب وینٹیلیشن کو یقینی بناتے ہوئے گرمی کے زیادہ اوقات میں کھانا پکانے سے گریز کریں’۔
سری نگر کے نارورہ علاقے میں آتشزدگی، 5 مکان خاکستر
