عشرت حسین بٹ
پونچھ // منگل صبح پونچھ کے چیف ایجوکیشن دفترمیں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات پیش آئی، جس کے نتیجے میں دفتر کی سکشن مکمل طور جل کر تباہ ہو گئی۔ دفتر میں موجود تمام اہم فائلیں، ریکارڈز اور دیگر دستاویزات مکمل طور پر خاکستر ہو چکی ہیں۔
محکمہ متعلقہ کے ایک عہدیدار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، تاہم اچانک بھڑکنے والی آگ نے دفتر کی عمارت اور اس کے اندر موجود قیمتی ریکارڈ کو شدید نقصان پہنچایا۔عینی شاہدین کے مطابق، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی گاڑی وقت پر موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پایا، مگر تب تک دفتر کا بیشتر سامان راکھ ہو چکا تھا۔
واقعہ کے فوراً بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔اس واقعہ نے محکمہ تعلیم کے نظام اور ریکارڈ کے تحفظ پر کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ آگ لگنے کے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔