ظفر اقبال
اوڑی// شمالی کشمیر کے اوڑی کے بجہامہ بونیار علاقے میں واقع وائلڈ لائف سینکچری میں آج شام ایک شدید آگ بھڑک اٹھی۔
اطلاعات کے مطابق آگ نے جنگل میں بڑی تعداد میں ککر، کایرو اور دیگر قیمتی درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے علاقے میں بھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔
مقامی افراد کے مطابق، آگ کا رخ رہائشی علاقے کی جانب ہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں زبردست خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے حکام سے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کے اقدامات کرنے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر سال جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، جو قیمتی وسائل کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ بجھانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
ان کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف، پولیس، فوج، سوشل فارسٹری کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی افراد بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔