عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے بٹہ مالو علاقے باران پتر میں پیر کی شام آتشزدگی کے ایک واقع میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور آگ بجھانے کی کوشش کے دوران دو فائر فائٹرز بھی زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جیسے ہی ایک گھر سے آگ بھڑک اٹھی، فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
اُنہوں نے بتایا ، “آگ بجھانے کے دوران دو فائر مین جھلس کر زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے”۔
ایک پولیس اہلکار نے زخمیوں کی شناخت ڈی ایف او سٹی انچارج نور عالم اور فائر مین اعجاز احمد کے طور پر کی ہے۔
اُنہوں نے بتایا، “ابتدائی تشخیص کے مطابق، آگ بھڑکتے ہی کم از کم تین رہائشی مکانات میں پھیل گئی اور اُنہیں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، تاہم آگ پر کچھ حد تک قابو پالیا گیا ہے جبکہ ملبے سے آگ کے شعلے نکلنے کی صورت میں فائر بریگیڈ اہلکار موقع پر موجود ہیں اور اسے مکمل بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں”۔
بتا دیں کہ رواں ماہ رمضان کے دوران سرینگر میں آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ روز سرینگر کے نوپورہ میں دیر شام آگ لگنے سے چار مکانات کو نقصان پہنچا۔ جبکہ 13 مارچ کی شام سرینگر کے ڈاون ٹاون کے دلال محلہ میں چار مکانات خاکستر ہو گئے تھے۔