یو این آئی
جموں// جموں وکشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی اسامیوں کے امیدواروں نے پیر کے روز یہاں ایک بار پھر اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا جس میں پینتھرس پارٹی کے لیڈر ہرش دیو سنگھ نے بھی شرکت کی۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں ترنگے اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنے مطالبوں خاص کر انکوائری رپورٹ سامنے لانے کے حق میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر ہرش دیو سنگھ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں اور کشمیر میں نوکریوں کو بیچا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘حال ہی میں یہ خلاصہ ہوا کہ جتنے بھی سیلکشن لسٹ سامنے آئے ان میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئی ہیں اور تیس تیس لاکھ روپیوں میں سرکاری نوکریاں بیچی گئی ہیں جس کا نوجوانوں نے ثبوت بھی دیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ نوکریوں کو بیچے جانے کو بر داشت نہیں کیا جائے گا۔
موصوف لیڈر نے کہا کہ فائر سروس کے لسٹ میں سرکار نے انکوائری کرنے کی یقین دہانی کی تھی لیکن ابھی تک کچھ بھی سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان انصاف چاہتے ہیں جس کے لئے وہ کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔