عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے عام آدمی پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے سربراہ اور ایم ایل اے مہراج ملک کے خلاف خاتون ڈاکٹر کو بدنام کرنے، مجرمانہ دھمکیاں دینے اور اس کی عزت نفس مجروح کرنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
یہ ایف آئی آر ایک میڈیکل کالج کی ایسوسی ایٹ پروفیسر کی شکایت پر درج کی گئی ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ایم ایل اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے خلاف دھمکیاں دینے اور بدتمیزاور توہین آمیز زبان استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
ڈاکٹر نے تھانہ ڈوڈہ میں شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر مجرمانہ دھمکیاں، گالی گلوچ اور اسپتال کی سیکورٹی کو خطرے میں ڈالنے والے بیانات دئیے گئے۔انہوں نے شکایت میں کہاایک سلسلہ وار اور نہایت تکلیف دہ واقعات میں، ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میرے خلاف کھلے عام دھمکیاں دیں اور توہین آمیز، ناشائستہ زبان استعمال کی۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ محض الفاظ نہیں بلکہ ایک خاتون ڈاکٹر کی حیثیت سے میری عزت، حفاظت اور پیشہ ورانہ فرائض پر براہ راست حملہ ہے۔ یہ الفاظ سوشل میڈیا پر ایک خاتون سرکاری ملازمہ کی عزت نفس مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔
شکایت کنندہ نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ اس بات کا نوٹس لے کہ ملزم نے اپنے سوشل میڈیا لائیو ویڈیوز میں بارہا ان کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔انہوں نے مزید کہا، سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اس نے طنزیہ انداز میں کہا، ’یہ اسپتال تمہارے باپ کا نہیں ہے‘، جب کہ میرے والد کا انتقال 12 سال قبل ہو چکا ہے۔ یہ جملہ نہ صرف تکبر ظاہر کرتا ہے بلکہ شدید بے حسی اور بداخلاقی کا عکاس ہے ۔اس کے علاوہ ایم ایل اے پر الزام ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بغیر اجازت لیبر روم میں داخل ہوئے اور اس دوران سوشل میڈیا پر براہِ راست ویڈیوز بھی چل رہی تھیں۔
انہوں نے کہا،یہ عمل مریضوں کی پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی ہے، خاص طور پر خواتین عملے اور نازک حالت میں موجود مریضوں کے لیے۔ یہ ہمارے اسپتال کی سیکورٹی اور اخلاقی ماحول کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ ان کے بار بار کے اقدامات عملے اور مریضوں دونوں کے لیے باعث اذیت ہیں۔
یاد رہے کہ مہراج ملک اس سے پہلے بھی بدزبانی کے الزامات کی وجہ سے تنازعات میں گھر چکے ہیں۔ 17 مارچ 2025 کو جموں کی اسپیشل ایکسائز موبائل مجسٹریٹ کی عدالت نے سابق وزیر غلام محمد سروڑی کی جانب سے دائر کردہ ایک مقدمے میں مہراج ملک کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا، جس میں ان پر جھوٹے بیانات دینے کا الزام تھا۔
ایم ایل اے ڈوڈہ مہراج ملک کے خلاف خاتون ڈاکٹر کو دھمکانے پر ایف آئی آر درج
