عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے جمعرات کو کہا کہ 24 اکتوبر کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی کی ہائی کمان کرے گی۔قرہ نے کہا، ’’یہ معاملہ پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘انہوں نے اس پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔
راجیہ سبھا انتخابات میں این سی-کانگریس اتحاد کے تین میں سے چار نشستیں آرام سے جیتنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عام طور پر یہ مانا جا رہا ہے کہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے چھ ایم ایل ایز ہونے کے باعث پارٹی ایک محفوظ نشست پر دعویٰ کر سکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ممکنہ طور پر ایم ایل اے ڈوڑو غلام احمد میر کو امیدوار بنا سکتی ہے، جو پہلے ہی قومی سطح پر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔میر کو دسمبر 2023 میں پارٹی کا جنرل سیکرٹری انچارج جھارکھنڈ مقرر کیا گیا تھا اور فی الحال وہ مغربی بنگال کے انچارج جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں کانگریس نے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں 16 اور لوک سبھا میں دو نشستیں جیتیں۔
پارٹی اس بات پر بھی غور کر سکتی ہے کہ جموں میدانی علاقے سے کسی سینئر رہنما کو میدان میں اتارا جائے، جو کبھی کانگریس کا گڑھ تھا لیکن 2014 سے اب تک وہاں اسمبلی اور لوک سبھا کی ایک بھی نشست حاصل نہیں ہو سکی۔
راجیہ سبھا انتخابات پر حتمی فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی: طارق قرہ
