عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں نجی تعلیمی اداروں کی فیس کے تعین کے لیے قائم کمیٹی (FFRC) نے ان شکایات کا سخت نوٹس لیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بعض نجی اسکول والدین کو آئندہ مہینوں کی فیس ایڈوانس میں جمع کرانے پر مجبور کر رہے ہیں۔
ایف ایف آر سی کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) سنیل ہالی نے یونین ٹریٹری کے تمام نجی اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹیوشن فیس صرف ماہ بہ ماہ وصول کریں۔ جاری کردہ سرکلر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کوئی بھی اسکول والدین کو ایڈوانس فیس دینے پر مجبور نہ کرے، جب تک کہ والدین خود اپنی مرضی سے ایڈوانس فیس جمع نہ کرانا چاہیں۔
سرکلر میں کہا گیا ہےیہ کمیٹی پہلے ہی یہ ہدایات جاری کر چکی ہے کہ والدین کو آئندہ مہینوں کی ایڈوانس فیس دینے پر مجبور نہ کیا جائے۔ اگر کوئی والدین اپنی مرضی سے ایڈوانس فیس جمع کرانا چاہتے ہیں تو وہ ایسا کر سکتے ہیں۔ایف ایف آر سی نے مزید خبردار کیا کہ اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ سرکلر سکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹرز آف اسکول ایجوکیشن، جموں و کشمیر کے تمام نجی اسکولوں اور عام عوام کو وسیع پیمانے پر آگاہی اور عمل درآمد کے لیے جاری کیا گیا ہے۔