عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے سابق ڈائریکٹر اور ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ شاعر فاروق نازکی کے انتقال کر جموں و کشمیر کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اظہارِ دکھ و تعزیت کیا ہے۔
جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ممتاز شاعر کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا، جو ایک شاعر، براڈکاسٹر، اور ڈی ڈی کشمیر چینل کے ڈائریکٹر فاروق نازکی صاحب کے طور پر اپنی کثیر جہتی صلاحیتوں کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کے میڈیا ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں“۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیرِ اعلیٰ غلام نبی آزاد نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ” فاروق نازکی صاحب کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ ان کی ادبی ذہانت اور میڈیا میں موجودگی بے مثال تھی۔ نشریات اور ادب کے میدان میں ان کی خدمات ہمارے ثقافتی اور ادبی خزانے پر لازوال اثرات مرتب کرے گی۔ میں ان کی روح کے سکون کے لیے دعا گو ہوں اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کرتا ہوں!”
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما دویندر سنگھ رانا نے اپنے پیغام میں کہا، ”جموں و کشمیر کی ایک قدآور ادبی شخصیت جناب فاروق نازکی صاحب کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ مجھے نازکی صاحب کے ساتھ بہت قریب سے کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا اور یہ سیکھنے کا ایک بہترین تجربہ تھا“۔
رانا نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ”فاروق نازکی کی وفات پر افسوس ہوا۔ مرحوم ایک ہمہ جہتی شخصیت تھے۔کشمیری ادب میں ان کی شراکت بے پناہ ہے“۔
اُنہوں نے سوگواروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی۔
سابق وزیر حسیب درابو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ” قلندر کی رحلت پر ماتم نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کی مکمل زندگی کا جشن منایا جانا ہے، کیونکہ اُنہوں نے اس سٹیشن کو کئی طریقوں سے مالا مال کرنے کے بعد چھوڑ دیا ہے“۔
اُنہوں نے کہا کہ نازکی کی وفات ایک معاشرتی نقصان ہے جو کہ ایک ذاتی سوگ ہے۔
سابق ایڈیشنل ڈی جی دوردرشن اور سابق سیکرٹری کلچرل اکیڈمی رفیق مسعودی نے اپنے پیغام میں نازکی کی وفات پر اظہارِ دکھ و تعزیت کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں اُنہوں نے کہا، ”فاروق نازکی صاحب نہیں رہے، کٹرہ کے ایک ہسپتال میں لیجنڈ نے کچھ دیر پہلے آخری سانس لی“۔
اس سے قبل ایک پوسٹ میں مسعودی نے کہا، ” لیجنڈ براڈکاسٹر، شاعر، مصنف، اور سابق ڈائریکٹرڈی ڈی کاشر سرینگر، ریڈیو کشمیر فاروق نازکی کچھ عرصے سے بیمار ہیں، اُن کو ہماری/آپ کی دعاو¿ں کی ضرورت ہے، ہمیں ان کی ضرورت ہے، میرے لیے وہ کئی طریقوں سے استاد، سرپرست اور آئیکن رہے ہیں“
بتادیں کہ دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے سابق ڈائریکٹر اور ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ شاعر فاروق نازکی طویل علالت کے بعد منگل کو کٹرہ کے نارائنا ہسپتال میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔
مرحوم محمد فاروق نازکی کی نماز جنازہ کل صبح 10:30 بجے مزار سید صاحب سونوار کے احاطے میں ادا کی جائے گی۔