عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان کو ’’انتہائی تشویشناک اور افسوسناک‘‘قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کشمیری سینئر رہنما کی حیثیت سے فاروق عبداللہ کا بیان تقسیم پیدا کرنے والے بیانیے کو ہوا دے سکتا ہے، جس سے بعض میڈیا چینلز کو کشمیریوں اور مسلمانوں کو بدنام اور نشانہ بنانے کا موقع ملے گا۔
محبوبہ مفتی نے پہلگام کے انسانیت سوز حملے میں شہید ہونے والے 26 افراد میں شامل ہمانشی ناروال کے شوہر کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ہمیں ہمانشی ناروال سے سبق لینا چاہیے، جنہوں نے اپنے شوہر کی شہادت کے باوجود ہندوستانیوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں یا مسلمانوں کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں اور نشانہ نہ بنائیں۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ فاروق عبداللہ کا بیان نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ ایسے وقت میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے جب جموں و کشمیر کے طلباء اور تاجروں کو دیگر ریاستوں میں بڑھتے ہوئے حملوں اور خطرات کا سامنا ہے۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اپنے بیان میں محبوبہ مفتی نے کہافاروق صاحب کا بیان، جس میں کشمیریوں کو پہلگام دہشت گرد حملے میں ملوث قرار دیا گیا ہے، انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ایک کشمیری اور سینئر رہنما ہونے کے ناطے ان کا یہ بیان نہ صرف تقسیم پیدا کرتا ہے بلکہ کچھ میڈیا اداروں کو مزید نفرت پھیلانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہایہ بیان نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ ایسے وقت میں خطرناک ہے جب جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباء اور کاروباری افراد پہلے ہی عدم تحفظ اور حملوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہمیں ہمانشی ناروال سے سبق لینا چاہیے جنہوں نے اپنے شوہر کی قربانی کے باوجود انسانیت اور یکجہتی کی مثال قائم کی۔
فاروق عبداللہ کا کشمیریوں کو پہلگام حملے میں ملوث قرار دینا انتہائی تشویشناک: محبوبہ مفتی
