جموں// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما رمیش بدھوری کے دہلی کی وزیر اعلیٰ اَتشی اور کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا کے خلاف دیے گئے متنازعہ بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں “نامناسب” اور “بدقسمتی” قرار دیا ہے۔
بدھوری، جو دہلی اسمبلی انتخابات میں کالکاجی نشست سے بی جے پی کے امیدوار ہیں، نے حالیہ تقریب میں کہا تھا کہ اَتشی نے اپنی ذات تبدیل کی اور اپنے والد کو بھی بدل دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کالکاجی میں ایسی سڑکیں بنائیں گے جو پرینکا گاندھی کے گالوں جیسی ہوں۔
فاروق عبداللہ نے ایک مذہبی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “یہ بیانات سیاست کے وقار کے خلاف ہیں۔ ایسی سوچ تنگ نظری کی عکاسی کرتی ہے۔ دعا ہے کہ خدا ایسے لوگوں کو بہتر سوچ عطا کرے”۔
عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے بدھوری کے بیانات پر سخت تنقید کی، جبکہ بی جے پی نے بھی اس بیان کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ذاتی یا صنفی نوعیت کے تبصروں سے پرہیز کرنا چاہیے۔
فاروق عبداللہ نے جموں کے ڈگیانہ گردوارے میں گرو گووند سنگھ جی کے جنم دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ گرو جی کی تعلیمات انسانیت کو امن، ہم آہنگی اور راستبازی کا درس دیتی ہیں۔
فاروق عبداللہ کا رمیش بدھوری کے متنازعہ بیانات پر ردعمل، تنگ نظری کی علامت قرار دیا
