عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان بہبود، شیو راج سنگھ چوہان نے جموں دورے کے دوران کہا ہے کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں کسانوں کو پہنچنے والے نقصان کی بھرپائی کے لئے مرکزی حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی اور کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا، ’آج میں یہاں عوام اور کسانوں کا ایک خادم بن کر آیا ہوں۔ گزشتہ دنوں قدرتی آفات کے باعث فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ اگرچہ مرکز کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم پہلے ہی یہاں بھیجی گئی تھی، لیکن مجھے لگا کہ میں خود زمین پر آ کر کسانوں کے دکھ درد کو دیکھوں، ان سے براہِ راست بات کروں اور ان کے مسائل کو سنوں۔‘
مرکزی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف فصلوں کا نقصان ہی نہیں ہوتا بلکہ اس کے اثرات کسانوں کی زندگیوں اور ان کے بچوں کے مستقبل پر بھی پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’جب کھیت برباد ہوتے ہیں تو کسان کی امیدیں بھی ٹوٹتی ہیں۔ لیکن میں یہاں یہ یقین دلانے آیا ہوں کہ مرکزی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کے آشیرواد سے ہم کسانوں کی بحالی اور مالی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔‘
شیو راج سنگھ چوہان نے مزید کہا کہ یہ بحران بڑا ہے مگر کسانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت جامع منصوبہ بندی کے ذریعے متاثرہ کسانوں کو سہارا دے گی تاکہ وہ اس مشکل وقت سے باہر نکل سکیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی معاوضے اور دیگر عملی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا تاکہ کسان اپنے کھیت کھلیان دوبارہ سنبھال سکیں اور ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔
زرعی بحران کے وقت کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: شیو راج سنگھ چوہان
