عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بی جے پی جموں و کشمیر کے سابق صدر اور سینئر لیڈر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ کشمیر میں سیب سے وابستہ کاروباری اس وقت مشکل دور سے گذر رہے ہیں اور اس وقت سیاست کرنے کے بجائے ان کے ساتھ کھڑا رہنے اور ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر حکومت سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کا اس سال کے سی سی قرضہ معاف کرے۔موصوف سابق صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کی فروٹ منڈی کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاپلوامہ سیب منڈی میں تقریباً 5 لاکھ سیب کی پیٹیاں پڑی ہوئی ہیں، یہ پیٹیاں گذشتہ 20 دنوں سے یہاں پر پڑی ہیں یہاں بہت ہی تکلیف دہ مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں، میں نے گذشتہ روز سوپور منڈی کا بھی دورہ کیا وہاں بھی یہی صورتحال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیب سے وابستہ کاروباری اس وقت مشکل ترین دور سے گذر رہے ہیں اور یہ وقت ہے کہ ان کی مدد کی جائے۔
رینہ نے کہا کہ کسانوں کی فصل تباہ ہوئی ہے اور وہ قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کا اس سال کا کے سی سی قرضہ معاف کرے تاکہ ان کو کسی حد تک راحت مل سکے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘اس وقت سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے بلکہ ہم کو ایک ساتھ مل کر پریشان کسانوں کے ساتھ کھڑا رہنا چاہئے اور ان کی مدد کرنی چاہئے۔
کشمیر میں کسان مشکل دور سے گذر رہے ہیں، ان کو مدد کرنے کا وقت ہے:رویندر رینہ
