غلام نبی رینہ
سرینگر/بی جے پی کے اعلیٰ سطحی وفد نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے وُڈر کنگن کا دورہ کیا اور پارٹی رہنما اور سابق ایم ایل اے گریز فقیر محمد خان کے اہل خانہ سے تعزیت کی، جو جمعرات کو تُلسی باغ سرینگرمیں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر مبینہ طور پر خودکشی کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
بی جے پی رہنماؤں الطاف ٹھاکر، علی محمد، ساجد یوسف، غلام حسن راٹھورسمیت دیگر افراد پر مشتمل وفد نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکرنے فقیر محمد خان کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا، یہ ایک مشکوک موت ہے اور پولیس سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں کو اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنی چاہیے۔ٹھاکر نے مزید کہا، میں ان سے ایک روز قبل ملا تھا، وہ بالکل ٹھیک تھے اور ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ وہ کوئی ایسا انتہائی قدم اٹھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ کسی سازش کے تحت ہوا ہے، جس کی مکمل چھان بین ضروری ہے۔
فقیر خان کی موت ‘مشکوک’، بی جے پی ترجمان نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا
