یو این آئی
جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے جمعے کے روز کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے یونین ٹریٹری میں امن و امان کے قیام کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی جی نے نئے جموں وکشمیر کے خواب کو واقعی میں شرمندہ تعبیر کیا۔
رویندر رینہ نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں بہت جلد اسمبلی انتخابات ہوں گے اور سٹیٹ ہڈ کا درجہ بھی بحال ہوگا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ادھم پور میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو برابری کی بنیاد پر انصاف فراہم کیا ہے۔
رویندر رینہ نے کہاکہ مودی جی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو اپنے دل میں جگہ دی۔ ان کے مطابق یہ وزیر اعظم مودی ہی ہے جس نے جموں وکشمیر کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے۔
رویندر رینہ نے کہا ؛’جموں وکشمیر میں حالات کومعمول پر لانے ، امن و امان کی فضا کو قائم کرنے میں موجودہ وزیر اعظم نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے جن پہاڑی علاقوں میں پیدل سفر کرنا مشکل تھا وہاں آج شاہراوں کا جال بچھا دیا گیا اور پہاڑوں کے بیچ سے کشمیر سے لے کر کنیا کمار ی تک ریل سروس چل رہی ہیں۔
رویندر رینہ نے کہاکہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کشمیرکو ملک کے ساتھ ریل سے جوڑا جائے گا لیکن مودی ہے تو ممکن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کنبوں کو رہائشی سہولیات فراہم کی، گولڈن کارڈ کی سہولیت سے اس وقت غریب مستفید ہو رہے ہیں۔
بی جے پی صدر نے کہا، ’آج سری نگر کے تاریخی لالچوک میں لوگ نصف شب تک جشن مناتے ہیں، ماضی میں بعد دوپہر ہی شہر کی سڑکیں سنسان پڑی رہتی تھیں لیکن مودی جی نے وہ کرکے دکھایا جو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا’۔