عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے بدھ کے روز مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہسپتالوں، سکولوں اور ہاسٹلوں سمیت بڑے پروجیکٹ کھولنے کے بہانے لوگوں کو دھوکہ دینے والی ایک “جعلی” این جی او کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایف آئی آر این جی او ‘یووا شکتی جاگرتی مشن’ کے قومی صدر اور ان کے تین ساتھیوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ، کرائم برانچ، بینم توش نے جموں کے کرائم برانچ پولیس سٹیشن میں درج کیس کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت دہلی کی ایک این جی او کے قومی صدر ستیندر کمار، کپواڑہ کے بشیر احمد جگل، شاردا ورما اور دہلی کے ستیہ پرکاش ورما کے طور پر کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ دھوکہ دہی کے متاثرین کی طرف سے ایک شکایت درج کروائی گئی جنہوں نے الزام لگایا کہ این جی او کے صدر اور ان کے معاونین نے عوام کے لیے بڑے پروجیکٹ فراہم کرنے کے بہانے انہیں دھوکہ دیا اور بھاری رقم جمع کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔