عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اس وقت نہایت پریشان کن اور خوفناک حالات سے دوچار ہے، جبکہ آنے والا وقت بھی خطے کے لیے مزید تشویشناک نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے دہلی دھماکے اور نوگام پولیس اسٹیشن حادثے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بعض افراد کی غلطیوں کی سزا بے گناہ کشمیریوں کو نہیں ملنی چاہئے۔سابق وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ہوئے دھماکے کے مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے، تاہم اس واقعے کا بہانہ بنا کر عام کشمیریوں کو ہراساں کرنا سراسر ناانصافی ہوگی۔
انہوں نے کہا:’کسی نے دہلی جا کر غلطی کی لیکن جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس کی سزا نہیں ملنی چاہئے۔ مجرموں کی شناخت کرکے انہیں قانون کے تحت جواب دہ بنایا جائے۔‘محبوبہ مفتی نے نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے حادثے کو سنگین سکیورٹی اور انتظامی غفلت قرار دیتے ہوئے اس کی فوری اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے کئی بنیادی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔پی ڈی پی صدر کے مطابق اتنی بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد کو ایک رہائشی علاقے میں قائم تھانے میں ذخیرہ کرنا انتہائی خطرناک عمل تھا۔ اس کے باوجود بھی اس مواد کو وہاں رکھا گیا اور پھر نائب تحصیلدار اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے ایسی کارروائی کرائی گئی جو صرف تربیت یافتہ ماہرین کو انجام دینی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی غفلت کے نتیجے میں ہونے والے اس دھماکے نے کئی گھروں کے چراغ گل کر دیے، لہٰذا اس کا ذمہ دار کون ہے، یہ جاننا عوام کا حق ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام اہلکاروں اور افسران کو سرکاری اعزازات سے نوازا جانا چاہئے، کیوں کہ وہ اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے لقمہ اجل بنے۔
دھماکہ خیز مواد کو ماہرین کے حوالے کرنا چاہیے تھا: محبوبہ مفتی