عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ہندوستانی فوج کے آپریشن سندور کے جواب میں پاکستانی فوج کے ذریعہ ہندوستانی علاقوں پر حملہ کرنے کی کوشش اور لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے پیش نظر سابق فوجیوں کی متعدد تنظیموں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی کو خط لکھ کر فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کی پیشکش کی ہے۔
بریگیڈیئر بلبیر سنگھ سامبیال (سبکدوش) نے آل انڈیا ایکس سروس مین سروس کونسل کی جانب سے تینوں مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پہلگام میں معصوم شہریوں کے حالیہ قتل عام تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے سابق فوجیوں کی جانب سے کہا، ملک کے ذمہ دار شہری ہونے اور ریٹائرڈ ہونے کے باوجود ہمارا دل آج بھی مادر وطن کے لیے دھڑکتا ہے، اس لیے ہم اپنی صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعہ اس میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر پاکستان کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے پیش نظر آل انڈیا ایکس سروس مین سروس کونسل سکیورٹی فورسز، حکام اور تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔سابق فوجیوں کی دیگر تنظیموں نے بھی اسی طرح کے خطوط لکھ کر اپنی خدمات دینے کی پیشکش کی ہیں۔
سابق فوجیوں کا صدرجمہوریہ اورآرمی سربراہ کے نام مکتوب ،فوج کےشانہ بشانہ لڑنے کی پیشکش کی
