سرینگر// دوردرشن کے سینئر پروڈیوسر زاہد منظور مختصر علالت کے بعد جمعرات کو مبارک ہسپتال سرینگر میں انتقال کر گئے۔
مرحوم کی آخری رسومات ان کے آبائی قبرستان میں سینکڑوں افراد کی موجود ادا کر دی گئیں۔ ان کی وفات پر جموں و کشمیر کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ ادبی حلقوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مرحوم بے حد شریف النفس،انسان دوست اور بہترین ہدایتکار تھے۔مرحوم زاہد منظورنے 1974 میں بطورپروڈکشن اسسٹنٹ دور درشن سرینگر سے اپنے کیئریر کا آغاز کیااور بعد میں بطور پروڈیوسر اور پھر ڈپٹی ڈائریکٹر سبکدوش ہوگئے۔
اس دوران انہوں نے سرینگر دورشن کیندر، جالندھر کیندر اور ممبئی کیندروں میں درجنوں،ڈرامے، سیریل،ڈاکیومنٹریز فلمیں اور بہت سے دیگر پروگرام بنانے میں اپنا منفرد مقام حاصل کیا۔
دوردرشن سرینگر سے پہلے سلسلہ وار اردو رنگین سیریل بھنور بنانے کا شرف مرحوم زاہد منظور کو حاصل ہے۔دوردرشن سے اپنی ملازمت مکمل کرنے سے پہلے ہی انہوں نے ازخود نوکری چھوڑ کر سعودی عرب کے ایک نجی پروڈکشن ہاوس میں پرگرام بنائے اور بعد میں انہوں نے ٹیک ون چینل میں بطور سربراہ کام کیا۔
مرحوم زاہد منظور کو فلم اور ٹی وی پروڈکشن کے ہر فیلڈ میں دسترس حاصل تھی اور وہ اپنے منفرد سٹائل کے لئے مشہور تھے۔
دریں اثنا، دوردرشن سری نگر کے ملازمین، نے ان کے بے وقت انتقال پر اظہارِ دکھ کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے مرحوم کی بے مثال خدمات کو یاد کیا اور ابدی سکون کیلئے دعا کی۔
دوردرشن سرینگر کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اور سینئر پروڈیوسر زاہد منظور کا انتقال
