عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// پولیس نے تین قتل مقدمات اور منشیات سمگلنگ میں مطلوب ایک سابق پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم صدیق علی، جو جموں خطے کے مختلف علاقوں میں سنگین جرائم میں ملوث ہے، جموں کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں اپنے مقدمے کی سماعت کے دوران ضمانت کے بعد گرفتاری سے بچ رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ صدیق علی 2021 میں ارنیہ پولیس تھانہ میں درج ہونے والے تین قتل مقدمات کا ایک اہم ملزم ہے اور عدالت میں پہلے سے ہی جمع کرائی گئی چارج شیٹ کی منشیات کی سمگلنگ میں بھی ملوث پایا گیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران علی کو عبوری ضمانت دے دی گئی تاہم وہ مفرور ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے، ارنیہ پولیس تھانہ کی ایک پولیس ٹیم نے چھاپہ مارا اور اسے یہاں گرفتار کر لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صدیق علی اور بھوپندر سنگھ سمیت دو کانسٹیبل فائرنگ کے ایک واقعے میں ملوث تھے جس میں تین افراد-صابر چودھری، عارف چودھری اور بابر چودھری، جو تمام آر ایس پورہ تحصیل کے رہائشی تھے، ہلاک ہو گئے تھے اور ایک زخمی ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اراضی اور نقدی کے لین دین کی وجہ سے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ سمیت چار لوگوں کو اس معاملے میں پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔