عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق کا کہنا ہے موجودہ حکومت ہر حال میں عوام کیلئے وقف رہے گی اور انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی.ان باتوں کا اظہار موصوف نے نوشہرہ میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ عوام اپنے قیمتی ووٹوں سے نیشنل کانفرنس کو برسراقتدار لایا ہے اور اب ہمارا کام ہے کہ ہم لوگوں کے احساسات، امنگوں اور مطالبات کی ترجمانی کریں۔ان کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کو گذشتہ 10سال کے دوران زبردست مشکلات کا مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خصوصاً 2018کے بعد افسر شاہی میں یہاں کے عوام کو سخت ترین مشکلات کی چکی میں پیسا گیا۔
تنویر صادق نے کہا کہ افسرشاہی میں لوگوں کا کوئی پُرسان حال نہیں تھا، ہر ایک فیصلہ عوام کُش اور عوام مخالف ہوتا تھا ۔ انتظامیہ کو غیر ضروری پروگراموں میں مصروف رکھا گیا تھا اور انتظامیہ مکمل طو رپر مفلوج ہوکر رہ گئی تھی اور لوگ بنیادی ضروریات سے محروم تھے ۔
انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ کی عوامی حکومت کے قیام کیساتھ ہی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے اور افسرشاہی اور لال فیتہ شاہی لا چلن ختم ہوکر رہ گیا ہے۔
عوامی راحت کیلئے ہر ایک اقدام اُٹھایا جائے گا: تنویر صادق
