مشتاق الاسلام
پلوامہ// جموں و کشمیر انتظامیہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگر کے نئے کیمپس کی تعمیر کے لیے پلوامہ میں 4834 کنال اور 19 مرلہ سرکاری اراضی منقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ قدم علاقے میں تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے اور طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔
ڈپٹی کمشنر پلوامہ کے دفتر نے اس پروجیکٹ کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ریونیو حکام پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے، جو آج یعنی 26 دسمبر 2024 کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
تحصیلدار کاکاپورہ، پلوامہ، اور پانپور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پتل باغ، ترچھ، پاریگام، نیوہ، اور کنگن پلوامہ میں زمین کی نشاندہی کر کے تفصیلی رپورٹ تیار کریں۔
نئے کیمپس کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، جس کا مقصد تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ یہ منصوبہ حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ نوجوان نسل کو بہترین مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
ضلع انتظامیہ اور مقامی حکام اس پروجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف تعلیمی شعبے میں بلکہ پلوامہ کے مجموعی انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔