ڈوڈہ// ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے پی ایم جی ایس وائی ڈویژن کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) کو برف سے ڈھکی دیہی سڑکوں کی صفائی میں ناقص کارکردگی اور غفلت برتنے پر معطل کر دیا۔ یہ کاروائی اہم سرمائی مدت کے دوران ان کی ذمہ داریوں میں کوتاہی کی اطلاعات کے بعد عمل میں لائی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ اے ای ای نے بغیر اجازت اپنی جائے تعیناتی چھوڑ دی اور بارہا ہدایات کے باوجود اپنی ذمہ داریوں پر واپس نہ آئے۔ ان کی غیر موجودگی کے باعث سڑکوں کی صفائی میں تاخیر ہوئی، جس سے رہائشیوں کو بنیادی خدمات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ نے کہا کہ ایسے حالات میں ملازم کا یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے، خاص طور پر جب فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہو۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ اے ای ای کو ان کی غیر سنجیدگی اور فرائض میں کوتاہی پر کئی بار وارننگ دی گئی تھی۔ اب انہیں مزید احکامات تک ڈوڈہ میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایمرجنسی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
عوامی خدمات کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مکیش کمار، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی، ڈوڈہ، اور عمر جان، اسسٹنٹ انجینئر پی ڈبلیو ڈی، بھگواہ، کو اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں تاکہ وہ پی ایم جی ایس وائی سب ڈویژنز کے امور کی نگرانی کریں۔
یہ فیصلہ انتظامیہ کی جوابدہی اور ناگہانی موسمی حالات میں بروقت عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
ڈوڈہ: فرائض میں غفلت پر اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر معطل
