عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے جمعرات کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ ملک بھر میں کشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی شہری، بشمول کشمیریوں، کو اپنے ہی ملک میں ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔لون نے ایک بیان میں ملک کے مختلف حصوں سے کشمیریوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی ہراسانی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کشمیریوں کو منفی انداز میں پیش کرنا ایک ’’پسندیدہ مشغلہ‘‘بنتا جا رہا ہے۔
رُکن اسمبلی ہندوارہ سجاد لون نے کہا کہ اگرچہ یہ مسئلہ نیا نہیں ہے لیکن گزشتہ دس برسوں میں اس کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ان کے مطابق لاکھوں کشمیری کاروبار، تعلیم اور ملازمت کے سلسلے میں ملک کے دوسرے حصوں میں مقیم ہیں، اور ان کے اہلِ خانہ اُن کی سلامتی کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں۔
انہوں نے شدت پسندی کے وجود کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہر معاشرے میں کچھ شدت پسند عناصر ہوتے ہیں لیکن ان کی بنیاد پر پوری کمیونٹی کو نہیں جانچا جا سکتا۔دریں اثنا، پی ڈی پی کے ایم ایل اے میر محمد فیاض نے ہماچل پردیش کے گورنر شیو پرتاپ شکلا سے کشمیری ریڑھی والوں کے ساتھ پیش آئے ہراسانی کے واقعے پر بات کی۔پی ڈی پی نے ایکس پر بتایا کہ گورنر نے مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سجاد لون کی وزیر اعظم مودی سے اپیل: ملک بھر میں کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے