عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// ڈوڈہ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے جنگلی علاقے دیسا میں پیر کی شام کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح سیکورٹی فورسز نے ڈوڈہ کے کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے سیکورٹی فورسز کو اطلاع فراہم کی کہ جنگلی علاقے میں کئی بندوق برداروں کو دیکھا گیا جس کے بعد سلامتی عملے نے جنگلی علاقے کومحاصرے میں لے لیا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق شام دیر گئے دیسا جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کا اچانک آمنا سامنا ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی۔
ذرائع کے مطابق اضافی نفری کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔