عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ حکومت ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے الیکٹرانک نگرانی کا نظام نافذ کر رہی ہے اور یہ ٹیکنالوجی سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے زیر زمین سرنگوں کا پتہ لگانے اور انہیں ختم کرنے میں مدد دے گی۔
یہ بات انہوں نے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب بارڈر آؤٹ پوسٹ ‘ونئے’ کے دورے کے دوران بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شاہ نے فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف کے جوان مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاہم سرحدوں پر دو ماڈلز پر مشتمل الیکٹرانک نگرانی کا نظام تعینات کر رہے ہیں، تاکہ اگر دشمن کی جانب سے کوئی سرگرمی ہو تو آپ فوری طور پر جواب دے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹیکنالوجی رسائی کو بڑھانے میں بھی مدد کرے گی اور ساتھ ہی زیر زمین سرنگوں کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کے لیے تکنیکی طریقے اپنائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے سال بھر سرحدوں کی حفاظت میں بی ایس ایف کے عزم اور قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاحقیقی چیلنج کا اندازہ تب ہی ہوتا ہے جب آپ خود ان علاقوں کا دورہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا،سردی، بارش یا شدید گرمی میں جب درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کر جاتا ہے، تب بھی آپ ہر وقت، سال کے 365 دن، سرحدی چوکیوں پر دشمن کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں۔
شاہ نے کہا کہ بی ایس ایف کی ایک روشن تاریخ ہے اور پورا ملک ان کی سرحدی دفاع میں خدمات سے واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ماضی کی جنگوں میں بی ایس ایف کا کردار فوج کے برابر رہا ہے۔
ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے الیکٹرانک نگرانی کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے: وزیر داخلہ امت شاہ
