سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر اعتراض کے بعد رعناواری میں بجلی منقطع ،مقامی لوگ سراپا احتجاج

File Photo/ Mubashir Khan

سری نگر//سرینگر کے کئی علاقوں میں بجلی سپلائی ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں نے آج محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ سرینگر کے رعنا واری علاقے میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر مقامی لوگوں کے اعتراض کے بعد محکمہ نے علاقے کی بجلی منقطع کر دی ہے۔
مظاہرین نے جے ایل این ایم ہسپتال کے قریب مین روڈ کو بلاک کر دیا جس کی وجہ سے کچھ گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا۔
ایک احتجاجی خاتون نے بتایا کہ ہم نے کل اس اقدام کے خلاف احتجاج کیا تھا جس کے بعد حکام نے علاقے کی بجلی بند کردی۔
انہوں نے کہا،”ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے علاقے میں مزید میٹرز نہ لگائے جائیں اور جو پہلے سے نصب ہیں انہیں ہٹا دیں”۔
انہوں نے مزید کہا، “ہم اپنی کھپت کے مطابق ادائیگی کریں گے لیکن صرف یہ چاہتے ہیں کہ یہ سمارٹ میٹر یہاں سے ہٹائے جائیں”۔
مظاہرین نے کہا کہ ہم کافی عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن کوئی ہماری بات نہیں سن رہا ہے۔
بعد میں انتظامیہ کے چند افراد نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا جس کے بعد وہ پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
چیف انجینئر کشمیر پاور ڈولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ نے کہا کہ جب مکینوں نے سمارٹ میٹر لگانے کی اجازت دی تو بجلی بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے یہ سمارٹ میٹر پورے کشمیر میں لگائے جائیں گے، اسی طرح رعناواری میں بھی لگائے جائیں گے۔
دریں اثناءایس ایچ او رعناواری سید جنید نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔