عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/الیکشن کمیشن نے بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کا محنتانہ دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمیشن نے انتخابی رجسٹریشن افسر اور معاون افسران کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے کمیشن نے ہفتہ کو جاری کردہ ایک ریلیز میں بتایا کہ ووٹر لسٹ کی تیاری اور نظرثانی کے کام میں مصروف افسران کے محنتانےمیں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ بی ایل او کی سالانہ تنخواہ دوگنی کر دی گئ ہے۔ اس کے علاوہ بی ایل او سپروائزرز کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ہی پہلی بار انتخابی رجسٹریشن افسر اور معاون انتخابی رجسٹریشن افسر کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آخری بار ترمیم 2015 میں کی گئی تھی۔ کمیشن نے ترمیم شدہ رقم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بوتھ لیول افسر کو اب 6000 سے بڑھا کر 12000 روپے ، ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے لیے بی ایل او کو ترغیبی رقم 1000 سے بڑھا کر 2000 روپے ، بی ایل او نگران کو 12000 سے بڑھا کر 18000 روپے ، معاون رجسٹریشن افسر کو اب 25000 روپے ،جبکہ انتخابی رجسٹریشن افسر کو 30000 روپے دیے جائیں گے ۔اس سے پہلے دونوں افسران کو کچھ نہیں دیا جاتا تھا۔اس کے علاوہ کمیشن نے خصوصی نظرثانی عمل کے تحت بی ایل او کو 6000 روپے کی اضافی ترغیبی رقم دینے کی بھی منظوری دی ہے۔یو این آئی۔ م ع
بی ایل اوز کی تنخواہ میں دوگنا اضافہ، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ
