عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما رویندر رینہ نے کہا کہ یونین ٹیریٹری کی منتخب حکومت اور مرکزی حکومت کو اس معاملے پر مل کر تبادلہ خیال کرنا چاہیے تاکہ عوام کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بدھ کے روز کہا، “ریاستی حیثیت کا معاملہ بہت حساس ہے، اس پر منتخب حکومت اور مرکزی حکومت کو ایک ساتھ مل کر بات چیت کرنی چاہیے۔ عوام کی سلامتی بہت اہم ہے۔ حکومت تبھی چلے گی اور ترقی تبھی ہوگی جب یہاں امن اور خوشحالی ہوگی، اگر ملی ٹینسی اور شدت پسندی ہوگی تو عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا”۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی جموں و کشمیر میں صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔
رینہ نے کہا، “وزیر اعظم مودی اور امت شاہ نے بہت کوششوں کے ساتھ یہاں کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے، اس لیے کسی بھی پالیسی یا فیصلے کو جلدبازی میں نہیں لینا چاہیے”۔