محمد تسکین
بانہال// عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریبات کے سلسلے میں بانہال میں کئی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔بانہال میں عید میلاد النبی ؐکی سب سے بڑی تقریب میونسپل پارک بانہال میں منعقد ہوئی جہاں اسلامی جھنڈے کو لہرایا گیا اور اسلامی پرچم کو سلامی دی گئی۔ بانہال کے کراوہ اور ڈولیگام میں بھی عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوئیں اور یہاں بھی پرچم کشائی کی گئی اور سلامی پیش کی گئی ۔
اس موقع پر عبدالرحمان المعروف دیوانہ بھدرواہی کی مشہور و معروف نظم ’’عالم اسلام کی ہر اوج کا جھنڈا ہے تو۔۔۔۔ رحمت للعالمین کی فوج کا جھنڈا ہے تو ‘‘ کو پڑھا گیا اور فلک شگاف نعروں کے اسلامی پرچم کو بلند کیا گیا ۔
مختلف علاقوں سے آئے عیدمیلاد النبی ؐکے جلوسوں نے قصبہ بانہال سے گزرنے والی سابقہ شاہراہ پر جلوس نکالے اور اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں نعرے بلند کئے ۔
این جی او بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں نے عقیدت مندوں کیلئے شربت ، پانی اور پھلوں کا انتظام کیا ہوا تھا۔ اس موقع پر تحصیلدار بانہال امجد حسین کین ، ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری بھی موجود تھے اور سخت سیکورٹی اور دیگر انتظامات کئے گئے تھے۔
بانہال میں عیدمیلادالنبی ؐکی تقریبات ،پرچمِ اسلام کو لہرایا گیا اور سلامی دی گئی
