عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ ان کی انتظامیہ ایک جامع اور مساوی معاشرے کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ سبھی طبقات ترقی کے فوائد سے لطف اندوز ہو سکیں۔
سرکاری ترجمان نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پاڈری قبیلے کے 20 رکنی وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا، وفد نے بدھ کی صبح یہاں راج بھون میں ان سے ملاقات کی۔
سنہا نے کہا، “ہماری کوشش ایک جامع اور مساوی سماج کی تشکیل، پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ قومی ترقی کے فوائد سے لطف اندوز ہوں”۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر کے ساتھ سماج کے ہر طبقے کی شمولیتی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔
بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر سنیل شرما کی قیادت میں وفد نے پاڈری قبیلے کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے لیے وزیر اعظم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
وفد کے ارکان نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے نے کمیونٹی کے سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار ہونے کی راہ ہموار کی ہے اور اس سے قبیلے کے لیے جموں و کشمیر اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے ایک سازگار ماحول پیدا ہوگا۔
بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے حال ہی میں جموں و کشمیر میں چار مزید برادریوں – گدا براہمن، کولی، پاڈری قبیلہ اور پہاڑی ایتھنک گروپ کو – کو درج فہرست قبائل (STs) کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
12 فروری کو، پہاڑی برادری اور دیگر پسماندہ طبقے (او بی سی) کے وفود نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔