عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سری نگر ریجنل آفس نے غیر ملکی کرنسی مینجمنٹ ایکٹ (فیما) 1999 کے تحت ایک بڑی چھاپہ مار کارروائی انجام دی ہے۔ یہ کارروائی ان افراد کے خلاف کی گئی جو انڈو-تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کی جانب سے 108 کلو گرام سونے کی ضبطی اور چین کی سرحد سے ہندستان میں 1064 کلوگرام سونا اسمگل کرنے کے معاملے میں ملوث پائے گئے تھے۔
ای ڈی کے مطابق دہلی-این سی آر میں پانچ اور لداخ میں ایک مقام پر رہائشی اور کاروباری احاطوں کی تلاشی لی گئی۔ دورانِ کارروائی متعدد مشکوک اور جرم سے جڑی دستاویزات برآمد اور ضبط کی گئیں۔ایجنسی نے کہا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اسمگلنگ ریکیٹ میں شامل تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب 9 جولائی 2024 کو انڈو-تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کی ایک گشتی پارٹی نے مشرقی لداخ کے چانگتھنگ سب سیکٹر کے علاقے سریگپل میں دو افراد کو روکا۔ دونوں افراد، جن کی شناخت تسیرنگ چمبا اور ستانزن دورگیال کے طور پر ہوئی، کے قبضے سے 108 عدد سونے کی سلاخیں برآمد ہوئیں، جن میں ہر ایک کا وزن ایک کلوگرام تھا۔
چین سرحد سے 1064 کلو سونا اسمگلنگ کیس: ای ڈی کی دہلی اور لداخ میں چھاپہ مار کارروائی
