عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے، جن میں سابق وزیر بابو سنگھ کی رہائش گاہ بھی شامل ہے۔ یہ کارروائی منشیات سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں کی گئی، ۔سرکاری ذرائع کے مطابق، ای ڈی کی ٹیموں نے سری نگر میں چھ اور جموں میں دو مقامات پر تلاشی لی، جو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ (PMLA) کے تحت کی گئی کارروائی ہے۔
یہ کیس مارچ 2022 میں اُس وقت سامنے آیا جب جموں و کشمیر پولیس نے محمد شریف شاہ نامی شخص کو گرفتار کیا، جو کشمیر سے جموں کے لیے 6.9 لاکھ روپے کی حوالہ رقم لے جا رہا تھا۔ یہ رقم جموں میں موجود جتندر سنگھ عرف بابو سنگھ کے لیے تھی، جو علیحدگی پسند اور ملک مخالف سرگرمیوں کے لیے فنڈنگ میں استعمال ہونے والی تھی۔تحقیقاتی ایجنسیوں کے مطابق، اس کیس میں سیف الدین، فاروق احمد نائیکو، اور مبشر مشتاق عف (فافو)سمیت کئی افراد شامل تھے، جنہوں نے پاکستان میں بیٹھے آپریٹروں کے ساتھ مل کر ایک ’’نارکو ٹیرر نیٹ ورک‘‘تشکیل دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ نائیکونے 2021-22 کے دوران پاکستان سے ہیروئن اسمگل کر کے بھارت میں بیچی، جس سے حاصل ہونے والی رقم (تقریباً 2 کروڑ روپے) سری نگر کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئی۔ بعد ازاں یہ رقم دبئی میں موجود بھارتی شہریوں کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی، جو غیر قانونی طور پر پیسہ منتقل کرنے (منی میول) کے کام میں ملوث تھے۔ای ڈی کے مطابق، یہ ’’غیرقانونی کمائی‘‘ دبئی میں اکٹھی کر کے پاکستان میں موجود حزب المجاہدین کے ملی ٹینٹوںتک پہنچائی گئی۔
خصوصی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے حوالہ منی کیس میں 12 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی تھی، جن میں سابق وزیر بابو سنگھ بھی شامل ہیں۔ تاہم کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔بابو سنگھ کو اپریل 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا، جب ان کے ایک کارکن محمد شریف شاہ کو جموں میں 6.90 لاکھ روپے کی حوالہ رقم کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔سال 2024 میں ایس آئی اے نے مزید دو افراد کو گرفتار کیا، جن میں ایک پولیس اہلکار اور ایک سابق سرپنچ شامل تھے۔ دونوں پر الزام ہے کہ وہ ملی ٹینسی کی فنڈنگ میں ملوث ایک سرحد پار منشیات نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ذرائع کے مطابق، ایس آئی اے کی ٹیم نے 2 جنوری کو جموں کے بیلی چرنا علاقے میں ایک پولیس اہلکار اور سرپنچ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، جہاں سے کچھ الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔
ای ڈی کے جموں و کشمیر میں مختلف مقامات پر چھاپے،سابق وزیر بابو سنگھ کے گھر کی بھی لی گئی تلاشی