عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کو سری نگر کے شیو پورہ علاقے میں 257 کنال سے زیادہ کی غیر منقولہ جائیداد کو ایک فرضی کوآپریٹو سوسائٹی میں شامل لون فراڈ کیس کے سلسلے قرق کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی نے شیو پورہ میں 257 کنال اور 19 مرلے کی زمین کی شکل میں غیر منقولہ جائیداد کو عارضی طور پر قرق کیا ہے، جس کی مالیاتی قیمت 193.46 کروڑ روپے ہے۔ بتا دیں کہ یہ قرقی دھوکہ دہی سے متعلق پی ایم ایل اے کیس میں عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی میں 2019 میں دریائے جہلم کوآپریٹو ہاؤس بلڈنگ سوسائٹی کے نام سے ایک فرضی کوآپریٹو سوسائٹی کو 250 کروڑ روپے کے قرض کی منظوری شامل ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جے کے ایس ٹی سی بی کے اس وقت کے چیئرمین اور دیگر اس فراڈ کیس میں ملوث ہیں جن کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔