کابل/ مشرقی افغانستان کے کنار صوبے میں اتوار کے روز آئے زلزلے میں کم از کم 250 افراد ہلاک اور 500 لوگ زخمی ہوگئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی بختَر نے پیر کے روز یہ جانکاری دی۔
میڈیا کی اطلاعات کے مطابق صوبے کے آفات سے متعلق محکمے نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ہلاکتوں کی یہ تعداد ابتدائی نوعیت کی ہے کیونکہ امدادی ٹیمیں محدود مواصلاتی نظام کے ساتھ دور دراز کے علاقوں میں پہنچ رہی ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق نقصانات کا مکمل جائزہ لینے اور متاثرہ آبادی کو مدد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
افغان قومی ریڈیو اور ٹی وی نے اس سے پہلے مشرقی ننگرہار صوبے میں 9 افراد کی ہلاکت اور 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے زلزلے سے متعلق معلومات فراہم کرنےوالے نیٹ ورک کے مطابق افغانستان میں 31 اگست کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آئے زلزلے کی شدت ریختر پیمانے پر 6.0 ریکارڈ کی گئی تھی۔
زلزلے کا مرکز مشرقی افغانستان کے ننگرہار صوبے کی راجدھانی جلال آباد سے 27 کلو میٹر شمال مشرق میں 8 کلو میٹر کی گہرائی پر تھا۔ راجدھانی کابل میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے اور افغانستان کے بعض حصوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔
افغانستان میں زلزلے سے 250 افراد ہلاک، 500 زخمی
