نائب وزیر اعلیٰ کا پی ڈبلیو ڈی دفتر جموں کا اچانک معائنہ، 70 فیصد عملہ غیر حاضر

Uzma Web Desk
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سرندر کمار چودھری نے سرکاری ملازمین کی غفلت پر سخت کاروائی کا وعدہ کیا ہے۔ ان کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب انہوں نے جموں میں چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے دفتر کا اچانک معائنہ کیا اور تقریباً 70 فیصد عملے کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔
ڈپٹی وزیر اعلیٰ نے اس صورتحال پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ دفتر میں موجود عملے نے ملازمین کی غیر حاضری کے بارے میں ان سے جھوٹ بولنے کی کوشش کی، جو کہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ ناقابل قبول ہے کہ ڈیوٹی پر موجود کچھ ملازمین نے مجھ سے اس صورتحال کے بارے میں جھوٹ بولا۔ اسی لیے ذمہ داروں کو معطل کر دیا گیا ہے”۔
ڈپٹی وزیر اعلیٰ نے متعلقہ چیف انجینئر کو سیکریٹریٹ طلب کر کے وضاحت دینے کا حکم دیا ہے۔
معائنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا، “ہم عوام کے نمائندے ہیں، اور عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ پرانے دور کا اختتام ہو چکا ہے، اب عوام کی حکومت اور جمہوریت کا دور ہے”۔
ڈپٹی وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مختلف سرکاری دفاتر میں ایسے اچانک معائنے جاری رہیں گے تاکہ جوابدہی اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا، “لگتا ہے کہ ہمیں ہر دفتر جانا پڑے گا”۔ اشارہ دیتے ہوئے کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت رویہ اپنائیں گے۔

Share This Article