عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقے میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے اور اس دوران تین ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ پولیس نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پولیس اسٹیشن مٹن کے دائرہ اختیار میں آنے والے گاؤں ونتراگ میں چھاپوں کے دوران تین الگ الگ رہائشی مکانات سے بڑی مقدار میں نشہ آور مواد بر آمد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن مٹن کی ایک ٹیم نے جہانگیر احمد خان ولد محمد عبداللہ خان ساکن ونتراگ کے گھر پر چھاپہ مارا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران 23 کلو 330 گرام چرس پائوڈر بر آمد کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن مٹن میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک اور آپریشن کے دوران ریاض احمد خان ولد شیر افضل خان ساکن ونتراگ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران 3 کلو 670 گرام چرس پائوڈر بر آمد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن مٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کے تیسری کارروائی کے دوران پولیس نے نوشاد پٹھان ولد کاستیہ پٹھان ساکن ونتراگ کے گھر پر چھاپہ مار کر 3 کلو 9 سو گرام چراس پائوڈر بر آمد کی گئی جس کے متعلق پولیس اسٹیشن مٹن میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ان شبانہ چھاپوں کے دوران کل 30 کلو 9 سو گرام چرس پائوڈر بر آمد کی گئی جبکہ تین ملزموں کو گرفتار اور تین مقدمے درج کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں ضلع سے منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے اننت ناگ پولیس کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تینوں کیسز کی تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریاں اور بازیابیاں متوقع ہیں۔
اننت ناگ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس پائوڈر بر آمد، تین گرفتار: پولیس
