عظمیٰ ویب ڈیسک 
سری نگر/جموں و کشمیر میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے واجبات کی مجموعی رقم 4,468 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے، جس میں جی پی فنڈ، گریجویٹی، کمیوٹیشن اور لیو سیلری کے واجبات شامل ہیں۔ حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ یہ واجبات تاحال ادا نہیں کیے جا سکے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنرل پروویڈنٹ فنڈ ( کے تحت 2,390 کروڑ روپے، گریجویٹی کے 1,537 کروڑ، کمیوٹیشن کے 332 کروڑ، اور لیو سیلری کے 209 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق، تمام واجبات کی ادائیگی دستیاب وسائل کی بنیاد پر مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادائیگیوں کو منظم انداز میں کلیئر کیا جا رہا ہے تاکہ مالی توازن برقرار رہے اور تمام سیکٹروں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔حکومت نے مزید بتایا کہ فوری نوعیت کے معاملات جیسے صحت کے اخراجات، شادی، بچوں کی فیس یا زیارت کے لیے مالی معاونت کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے دو سینئر افسران کو نامزد کیا گیا ہے، ایک سرینگر اور دوسرا جموں میں تاکہ ایسے کیسوں کی فوری منظوری ممکن ہو سکے۔محکمہ خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بقیہ واجبات کی ادائیگی دستیاب وسائل کے مطابق جلد از جلد مکمل کی جائے گی تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
جموں و کشمیر میں ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات 4,468 کروڑ روپے تک پہنچ گئے:سرکار
 
			 
								 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		