سرینگر// ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، ڈاکٹر جی این ایتو نے کشمیر صوبہ کے نجی سکولوں کی تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف سکولوں کی والدین ایسوسی ایشنز کے ساتھ میٹنگز کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران نجی سکولوں کی کارکردگی سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نے وفد کی شکایات کو تحمل سے سنا اور یقین دلایا کہ ان مسائل کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں جوائنٹ ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد مشتاق، چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر شبینہ قیصر اور ڈی ای پی او سرینگر انجم راجہ بھی موجود تھیں۔
ایک اور میٹنگ میں، جو نجی سکولوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقد کی گئی، ڈاکٹر ایتو نے نجی سکولوں پر زور دیا کہ وہ محکمہ تعلیم کی جانب سے وضع کردہ قوانین اور ضوابط پر مکمل عمل کریں۔
انہوں نے فیس ریگولیٹری کمیٹی (FFRC) کے رہنما خطوط کی پیروی کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور غیر ضروری طور پر ٹیوشن اور دیگر چارجز میں اضافے سے گریز کرنے کی ہدایت دی۔
ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نے نجی سکولوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے سکولوں میں تمام طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کریں۔
متعدد شکایات کے پیش نظر، ڈاکٹر ایتو نے تمام سکولوں کو ہدایت دی کہ وہ تین دن کے اندر اپنی ویب سائٹ پر کلاس وائز درسی کتب کی فہرست اپلوڈ کریں تاکہ یہ عوامی دائرہ کار میں آ سکے۔
محکمہ تعلیم کا جائزہ اجلاس، نجی سکولوں کیو کتابوں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت
